
ڈیرہ غازی خان کے علاقے پھگلہ میں ایک کم عمر بچی کی مبینہ طور پر 80 سالہ شخص سے شادی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر رقم کے عوض فروخت کیا گیا تھا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) کو کارروائی کی ہدایت کی، جس کے بعد پولیس نے مبینہ طور پر معمر شخص کو حراست میں لے لیا۔
بی ایم پی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بچی کے والد پر بھی رقم کے عوض بیٹی کو حوالے کرنے کا الزام ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کم عمر بچی کا نکاح پڑھانے والے شخص سمیت دیگر مبینہ ملزمان کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔









