
فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی ٹکٹوں کی قیمتیں شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں بعض ٹکٹ ہزاروں ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
فیفا نے فائنل مقابلے کے لیے آخری مرحلے میں تقریباً 1200 نئی ٹکٹیں جاری کی ہیں۔ ان میں زیادہ تر کیٹیگری ٹو کی نشستیں شامل ہیں، جن کی قیمت فی ٹکٹ 7 ہزار 380 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق اسٹیڈیم کے مختلف سیکشنز میں بڑی تعداد میں نشستیں فروخت کے لیے موجود ہیں، جبکہ لوئر ڈیک کی چند خصوصی نشستوں کی قیمت تقریباً 20 ہزار سے 33 ہزار ڈالر تک رکھی گئی ہے۔
وی آئی پی شائقین کے لیے ٹرافی لاؤنج اور ٹرافی لاؤنج پلس کیٹیگریز بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جن کی قیمت بالترتیب 32 ہزار 500 اور 34 ہزار 500 ڈالر تک ہے۔ ان پیکجز میں کھانے اور مشروبات کی سہولت بھی شامل ہے۔
ورلڈ کپ کے دیگر اہم میچوں کی ٹکٹیں بھی مہنگی فروخت ہو رہی ہیں۔ بعض کوارٹر فائنل مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں ہزاروں ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ ری سیل مارکیٹ میں فائنل کی نشستیں مزید زیادہ قیمت پر دستیاب ہیں۔
ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر دنیا بھر کے فٹ بال شائقین نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بعض گروپس نے قیمتوں کے معاملے پر قانونی کارروائی بھی شروع کر رکھی ہے۔
اس سے قبل ری سیل پلیٹ فارم پر بعض ٹکٹ غیر معمولی طور پر بہت زیادہ قیمتوں پر بھی نظر آئے تھے، جس کے بعد فیفا کو ٹکٹوں کی پالیسی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب نیویارک اور نیو جرسی کے حکام بھی ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتوں اور شائقین کو فراہم کی جانے والی معلومات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔








