
فیفا ورلڈ کپ 2026 کےکوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم فرانس نے کھیل پر واضح برتری برقرار رکھی اور متعدد خطرناک حملے کیے۔ مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے کئی اہم مواقع پر شاندار دفاع کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ابتدا میں نقصان سے بچائے رکھا۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے کھیل کا رخ اپنے حق میں موڑ دیا۔ 60ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے ایمباپے کے پاس پر دوسرا گول کر کے اس برتری کو دگنا کر دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق فرانس نے پورے میچ میں 21 شاٹس لگائیں جن میں سے آٹھ ہدف پر تھیں، جبکہ مراکش صرف چار شاٹس لگا سکا جن میں ایک ہی شاٹ گول کی جانب گئی۔
اس میچ میں گول کرنے کے بعد کائلیان ایمباپے نے ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 20 کر دی، جبکہ لیونل میسی 31 میچوں میں 21 گولوں کے ساتھ اب بھی اس فہرست میں ان سے ایک گول آگے ہیں۔
یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ ہے جس میں فرانس نے ناک آؤٹ مرحلے میں مراکش کو 0-2 سے شکست دی۔ اس سے قبل 2022 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی فرانس نے یہی نتیجہ اپنے نام کیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ اسپین یا بیلجیم میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔








