گلگت بلتستان: بلاول بھٹو نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، آئینی حقوق اور ترقیاتی اقدامات کا اعادہ

0
11
گلگت بلتستان: بلاول بھٹو نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، آئینی حقوق اور ترقیاتی اقدامات کا اعادہ

گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مختلف سیاسی نمائندوں نے تعاون کا مظاہرہ کیا ہے اور تمام متعلقہ فریق خطے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی تاریخی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے وعدوں، خصوصاً آئینی حقوق اور حقِ ملکیت سے متعلق اقدامات پر عملدرآمد کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زرعی اور معاشی منصوبوں کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی معاشی فضا پیدا کی جائے گی جس سے مقامی افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور علاقے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ عوام کو حکومتی اور اپوزیشن تقسیم کا احساس نہ ہو اور اجتماعی مفاد کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کی آمد سے قبل گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ مقامی سطح پر جمہوری عمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Leave a reply