حماس نے غزہ کی گورننگ باڈی تحلیل کر دی، قومی کمیٹی کے لیے راستہ ہموار

0
13
حماس نے غزہ کی گورننگ باڈی تحلیل کر دی، قومی کمیٹی کے لیے راستہ ہموار

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں قائم اپنی گورننگ باڈی تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد شہری انتظام و انصرام کے لیے ایک ٹیکنوکریٹ یا قومی کمیٹی کی تشکیل کی راہ ہموار ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ محمد الفرا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاکہ انتظامی اختیارات نئی قومی کمیٹی کو منتقل کیے جا سکیں۔

حماس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تنظیم نے اپنی جانب سے ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور اب آئندہ پیش رفت کا انحصار ثالثوں اور ضامن ممالک کی کوششوں پر ہے۔ ان کے مطابق شہری حکمرانی کے نئے انتظام کے لیے ٹیکنوکریٹ کمیٹی کی تشکیل کی راہ کھل گئی ہے۔

حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے ضامن ممالک اور امریکی انتظامیہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طے شدہ معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، جبکہ ثالثوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قومی کمیٹی کو غزہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے ضروری اجازت دلوانے میں کردار ادا کریں۔

تاحال اس پیش رفت پر دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply