
حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں انتظامی سطح پر بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور دیگر افسران کی نئی تعیناتیاں کر دی ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک کو عہدے سے ہٹا کر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو بھی عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کی جگہ حسن مشتاق سکھیرا کو سی پی او راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے، جو اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سی ٹی ڈی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
انتظامی تبدیلیوں کے تحت اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو بھی محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کو اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تقرری کے منتظر رب دینو کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی نوٹیفکیشن کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے، جبکہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔









