بھارت اور گھانا میں مون سون کی شدید بارشیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی

0
0
بھارت اور گھانا میں مون سون کی شدید بارشیں، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی

بھارت اور مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں شدید بارشوں اور سیلاب نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ مختلف علاقوں میں بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں، متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سیکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں آسام اور اروناچل پردیش میں مسلسل بارشوں کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں اور سیلابی پانی رہائشی علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث لوگ کشتیوں کے ذریعے سفر کرنے یا پیدل محفوظ مقامات کی جانب جانے پر مجبور ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اروناچل پردیش میں ہونے والی موسلادھار بارشوں سے آنے والا سیلابی پانی آسام اور دیگر شمال مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے مزید علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ادھر بھارت کے شہر ممبئی اور اس کے گرد و نواح میں بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دوسری جانب گھانا میں بھی شدید بارشوں نے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے۔ مختلف شہروں اور قصبوں میں سیلابی پانی جمع ہونے سے ٹریفک اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق متعدد افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہیں، جبکہ امدادی کارروائیوں کے دوران تقریباً 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔
حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a reply