گھریلو کاموں کے لیے جدید روبوٹ متعارف، کپڑے تہہ کرنے سے بستر درست کرنے تک ہر کام کرے گا

0
9
گھریلو کاموں کے لیے جدید روبوٹ متعارف، کپڑے تہہ کرنے سے بستر درست کرنے تک ہر کام کرے گا

امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی ویو روبوٹکس نے گھریلو کاموں میں مدد کے لیے ایک جدید روبوٹ “آئزک ون” متعارف کرایا ہے، جو گھر کی روزمرہ ذمہ داریاں خود انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس روبوٹ کو خاص طور پر گھروں میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے، جہاں یہ بستر درست کرنے، کپڑے سمیٹنے، کھلونے اور جوتے اپنی جگہ رکھنے سمیت دیگر معمول کے کام انجام دے سکتا ہے۔ ویو روبوٹکس کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارفین کو روزانہ کے وقت طلب کاموں سے نجات دلانا ہے۔
آئزک ون کمپنی کے پہلے ماڈل آئزک زیرو کا جدید ورژن ہے، جو صرف کپڑے تہہ کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔ کمپنی کے مطابق ابتدائی ماڈل کیلیفورنیا میں صارفین کے گھروں میں ہزاروں گھنٹے کام کر چکا ہے۔
نئے روبوٹ میں لانڈری فلو اور ڈیلی ری سیٹ نامی دو خصوصی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ لانڈری فلو کے ذریعے روبوٹ گندے کپڑے جمع کرکے لانڈری باسکٹ میں رکھتا ہے اور دھلنے کے بعد انہیں تہہ کرکے الماری یا مقررہ جگہ پر رکھ دیتا ہے۔ جبکہ ڈیلی ری سیٹ فیچر بستر درست کرنے، تکیے اور کمبل ترتیب دینے اور فرش پر پڑی اشیا کو ان کی اصل جگہ پر منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ روبوٹ زیادہ تر کام خودکار طریقے سے انجام دیتا ہے اور مسلسل نگرانی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر کسی پیچیدہ صورتحال کا سامنا ہو تو کمپنی کے ماہرین انٹرنیٹ کے ذریعے دور سے روبوٹ کی رہنمائی بھی کر سکتے ہیں۔
صارفین موبائل ایپ کے ذریعے گھر میں موجود ہوں یا باہر، روبوٹ کو مختلف کاموں کی ہدایات دے سکتے ہیں، شیڈول بنا سکتے ہیں یا فوری طور پر کوئی مخصوص کام شروع کرا سکتے ہیں۔
آئزک ون پہیوں پر چلنے والا روبوٹ ہے جس کے دو بازو ہیں۔ اس کی اونچائی تقریباً تین فٹ سے بڑھ کر پانچ فٹ نو انچ تک ہو سکتی ہے، جس سے یہ اونچی الماریوں اور بستر تک بھی آسانی سے پہنچ جاتا ہے۔ روبوٹ کے بیرونی حصے پر نرم کور لگایا گیا ہے تاکہ گھر کی اشیا یا افراد سے ٹکرانے کی صورت میں نقصان کا امکان کم رہے۔
یہ روبوٹ پانچ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا، اس کی بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے پر تقریباً آٹھ گھنٹے تک کام کرتی ہے جبکہ مکمل چارج ہونے میں لگ بھگ دو گھنٹے لگتے ہیں۔
کمپنی نے اس کی قیمت تقریباً 8 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جبکہ صارفین اسے 449 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن پلان کے ذریعے بھی حاصل کر سکیں گے۔
ویو روبوٹکس کے مطابق آئزک ون کی فراہمی رواں سال کے اختتام پر کیلیفورنیا سے شروع ہوگی، جبکہ آئندہ سال اسے امریکہ بھر میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

Leave a reply