
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل سے منتقل کیے جانے والے قیدیوں کی وین سے فرار ہونے والے مزید تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت عدیل، ضیغم اور احتشام کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تینوں سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
یاد رہے کہ چکیاں کہوٹہ روڈ پر قیدیوں کو منتقل کرنے والی پولیس وین سے مجموعی طور پر 14 قیدی فرار ہوگئے تھے، جس کے بعد پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
پولیس کے مطابق اس سے پہلے چار مفرور قیدی گرفتار کیے جا چکے تھے، جبکہ تازہ کارروائی کے بعد گرفتار ہونے والے قیدیوں کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔ باقی سات مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
ادھر قیدیوں کے فرار کے واقعے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سہالہ میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی کے الزامات کے تحت پانچ پولیس اہلکاروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









