
کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد لاہور ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر میں موجود اکیڈمیز، ٹیوشن سینٹرز اور دیگر تعلیمی عمارتوں کا فوری سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ضلعی انتظامیہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ بغیر اجازت گھروں میں ٹیوشن پڑھانے والوں کے خلاف کارروائی اور جرمانے کیے جائیں گے۔
ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق اس سروے کے دوران تمام نجی اکیڈمیز میں حفاظتی انتظامات، طلبہ کی تعداد اور دیگر ضروری تفصیلات جمع کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل تین دن میں مکمل کرکے ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے گی۔
رپورٹ کی بنیاد پر نجی ٹیوشن سینٹرز کے لیے رجسٹریشن اور ریگولیشن کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
سروے ٹیمیں زونل افسران اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز پر مشتمل ہوں گی جو غیر رجسٹرڈ اور غیر محفوظ تعلیمی مراکز کی نشاندہی بھی کریں گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نجی تعلیمی اداروں کو باقاعدہ ضابطے کے تحت لانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے کہا ہے کہ سروے کے نتائج کی روشنی میں آئندہ کے لیے سخت اور منظم ریگولیٹری نظام بنایا جائے گا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی ٹیوشن سینٹرز کو بند کیا جائے گا اور گھروں کے غیر مجاز تجارتی استعمال پر کارروائی ہوگی۔









