
حیدرآباد (سندھ) کے ایک سرکاری اسکول نے عالمی تعلیمی میدان میں اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔ ورلڈز بیسٹ اسکول پرائزز 2026 کے لیے سندھ کے اس اسکول کو دنیا کے ٹاپ فائنلسٹس میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ ایوارڈز عالمی تعلیمی ادارہ T4 Education کی جانب سے دیے جاتے ہیں، جن کا مقصد دنیا بھر کے ایسے اسکولوں کو تسلیم کرنا ہے جو تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، طلبہ کی فلاح و بہبود اور معاشرتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔
اس سال پاکستان سے محدود تعداد میں اسکولوں کو اس بین الاقوامی مقابلے میں شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں سندھ کا ایک سرکاری اسکول بھی شامل ہے۔ حیدرآباد میں واقع گورنمنٹ گرلز لوئر سیکنڈری اسکول ٹنڈو میر غلام حسین نے “کمیونٹی کولیبریشن” کیٹیگری میں عالمی سطح پر ٹاپ 10 فائنلسٹس میں جگہ بنائی ہے۔
اس کامیابی کو تعلیمی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف سندھ بلکہ پاکستان کے سرکاری تعلیمی نظام کی صلاحیت اور بہتری کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ، اساتذہ، طالبات، والدین اور مقامی کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پورے صوبے اور ملک کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ سرکاری اسکول بھی عالمی معیار تک پہنچ سکتے ہیں۔









