پاک افغان سرحد پر انٹیلی جنس آپریشن، 29 دہشتگرد ہلاک، حکومت کا دعویٰ

0
8
پاک افغان سرحد پر انٹیلی جنس آپریشن، 29 دہشتگرد ہلاک، حکومت کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی حکومت کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب ایک بڑے انٹیلی جنس آپریشن میں 29 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ 28 جون کو ضلع باجوڑ میں کیے گئے آپریشن کے دوران ایک اہم مبینہ کمانڈر خان فروش عرف زابل اپنے تین ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق جماعت الاحرار سے تھا، جسے حکومت بھارت کی حمایت یافتہ تنظیم قرار دیتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اسی کارروائی کے تسلسل میں سرحد پار افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں بھی دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید 25 مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ ان کے بقول کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہفتے کی شب کراچی میں سندھ رینجرز کے ایک کیمپ پر حملہ ہوا، جس کی ذمہ داری جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ اس حملے میں تین سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین حملہ آور ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق ایک زخمی حملہ آور کو گرفتار بھی کیا گیا، جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اس کا تعلق افغانستان سے ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Leave a reply