بلتستان پیک پر برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما جاں بحق

0
12
بلتستان پیک پر برفانی تودہ گرنے سے فرانسیسی کوہ پیما جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہوشے میں واقع بلتستان پیک پر کوہ پیمائی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک فرانسیسی کوہ پیما جان کی بازی ہار گیا۔ حکام کے مطابق 40 سالہ پیئر گیلوم بین الاقوامی کوہ پیمائی مہم کے تین رکنی گروپ کا حصہ تھا جو 7,282 میٹر بلند چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق چڑھائی کے دوران اچانک برف اور پتھروں کا تودہ گرنے سے کوہ پیما شدید متاثر ہوا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ حادثے کے بعد متعلقہ اداروں نے فوری طور پر سرچ اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو ٹیمیں دشوار گزار پہاڑی علاقے میں موجود دیگر کوہ پیماؤں تک رسائی حاصل کرنے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کی حالت کے بارے میں مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل طفیل احمد میر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور تمام متعلقہ ادارے صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق علاقے کے مشکل جغرافیائی حالات اور غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply