امریکا اور ایران مذاکرات میں پیش رفت، خطے میں امن کی نئی امید پیدا ہوگئی: وزیراعظم شہباز شریف

0
11
امریکا اور ایران مذاکرات میں پیش رفت، خطے میں امن کی نئی امید پیدا ہوگئی: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف امریکا اور ایران بلکہ پورے خطے کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کی بحالی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔

شہباز شریف کے مطابق اسلام آباد میں طے پانے والی ایک مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں ایک جامع امن معاہدے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی ایک مثبت پیش رفت ہے، جو مذاکراتی عمل کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر سیاسی جماعتوں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر مختلف معاملات کی تحقیقات کی ضرورت ہے تو اس کا آغاز 2018 سے کیا جانا چاہیے تاکہ تمام حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔

Leave a reply