معروف گلوکار و موسیقار طارق طافو انتقال کر گئے

0
8
معروف گلوکار و موسیقار طارق طافو انتقال کر گئے

لاہور: پاکستان کے معروف گلوکار اور موسیقار طارق طافو انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں فوری طور پر لاہور کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق طافو دل کی حرکت بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے۔ وفات کے وقت ان کی عمر 58 برس تھی۔

طارق طافو کو پنجابی گیت “لاہور لاہور اے” کے ذریعے غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی، جس نے انہیں ملک اور بیرونِ ملک موسیقی کے شائقین میں پہچان دلائی۔ وہ معروف موسیقار طافو خان کے صاحبزادے تھے اور بچپن ہی سے موسیقی سے وابستہ رہے۔

اپنے فنی سفر کے دوران انہوں نے بطور گلوکار، موسیقار اور سازندہ متعدد یادگار خدمات انجام دیں۔ موسیقی کے شعبے میں ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کئی فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور نوجوان صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی میں بھی کردار ادا کیا۔

طارق طافو، نامور غزل گائیک غلام علی کے داماد تھے جبکہ معروف گلوکار ابرار الحق کے ساتھ بھی مختلف موسیقی منصوبوں میں شریک رہے۔

ان کے انتقال کی خبر کے بعد فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ آج اقبال ٹاؤن کے شہنشاہ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔

Leave a reply