خاتون کے بازو سے 10 سینٹی میٹر لمبے دو پیراسائٹس برآمد

چین کے جنوبی حصے میں ایک خاتون کے جسم سے غیر معمولی پیراسائٹس (طفیلی کیڑے) برآمد ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر شینزن میں رہنے والی ایک خاتون اپنے بازو میں سوجن اور مسلسل درد کی شکایت کے بعد اسپتال پہنچیں۔ معائنے کے دوران ڈاکٹروں نے ان کے بازو میں موجود گلٹی کا علاج کیا اور سرجری کے ذریعے تقریباً 10 سینٹی میٹر لمبے دو پیراسائٹس نکالے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ یہ کیڑے ایک مخصوص قسم کے طفیلے سے تعلق رکھتے ہیں جو انسانی جسم کے مختلف حصوں میں حرکت کر سکتے ہیں اور عام طور پر جلد کے نیچے گلٹی یا سوجن کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ وہ اکثر گھر میں مینڈک تیار کرتی ہیں اور اسی کٹنگ بورڈ کو دوسری خوراک کے لیے بھی استعمال کرتی رہی ہیں، جس سے آلودگی کا امکان پیدا ہوا۔
ڈاکٹروں کے مطابق غالب امکان ہے کہ غیر محفوظ صفائی اور کچّے گوشت کے رابطے کے باعث یہ طفیلے جسم میں داخل ہوئے اور وقت کے ساتھ بڑھتے رہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کچّے گوشت اور آلودہ برتنوں کے استعمال میں احتیاط نہ کرنے سے ایسے انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اور جسم میں غیر معمولی گلٹی بننے کی صورت میں فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔








