چکوال: 9 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار سی سی ڈی اہلکار جیل منتقل

0
9
چکوال: 9 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار سی سی ڈی اہلکار جیل منتقل

چکوال کی ایک مقامی عدالت نے فائرنگ کے واقعے میں 9 سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ 10 اور 11 جون کی درمیانی شب پیش آیا، جس میں بچی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جبکہ اس کے والد اور بھائی بھی زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سی سی ڈی کے کانسٹیبل نے مبینہ طور پر ایک ڈکیتی کی واردات روکنے کے لیے فائرنگ کی، تاہم غلط شناخت کے باعث گولیاں اس خاندان کو لگ گئیں جو خود ڈاکوؤں کا نشانہ بنا ہوا تھا۔

اتوار کو ملزم اہلکار کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے اور اس کے زیر استعمال سرکاری اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے مزید آگاہ کیا کہ واقعے کے روز اہلکار کی ڈیوٹی اور تھانے میں حاضری کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا چکا ہے۔

تحقیقات کے دوران متاثرہ گاڑی اور جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے گولیوں کے خول فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

تفتیشی افسر کے مطابق چونکہ ضروری شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اس لیے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی مزید ضرورت نہیں رہی۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے۔

دوسری جانب چکوال پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان سے ڈکیتی کرنے والے دونوں مبینہ ملزمان ایک الگ پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے زخمی والد عدیل احمد کا بیان بھی قلمبند کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم آئندہ دو روز کے دوران اپنی حتمی رپورٹ سی سی ڈی کے سربراہ کو پیش کرے گی۔

Leave a reply