
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بالواسطہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے، کیونکہ ٹورنامنٹ میں استعمال ہونے والی سرکاری میچ بال سیالکوٹ میں تیار کی گئی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی ایونٹ کے لیے منتخب کی جانے والی “ایڈیڈاس ٹرائونڈا” فٹبال پاکستانی کاریگروں کی مہارت اور اعلیٰ معیار کی عکاس ہے۔ ان کے مطابق سیالکوٹ طویل عرصے سے کھیلوں کا سامان تیار کرنے کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شریک نہیں ہوگی، تاہم پاکستانی ہنر اور محنت اس ایونٹ کے ہر میچ میں نمایاں طور پر موجود ہوں گے۔
انہوں نے ملک کے ہنر مند اور نیم ہنر مند کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں پاکستان کے لیے عالمی سطح پر نیک نامی اور اعتماد کا باعث بن رہی ہیں۔
وزیر خارجہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی افرادی قوت اور صنعت مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کے ذریعے دنیا میں ملک کا مثبت تشخص مزید مضبوط بناتی رہے گی۔









