
بھارتی شہر پونے کے ایک شاپنگ مال میں فلم ’کاک ٹیل 2‘ کی تشہیری تقریب کے دوران اس وقت صورتحال افراتفری کا شکار ہوگئی جب بڑی تعداد میں مداح فنکاروں کے قریب پہنچ گئے۔
تقریب کے آغاز میں ماحول خوشگوار رہا اور فلم کی کاسٹ نے مداحوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ گفتگو کی اور روایتی اسٹریٹ فوڈ وڑا پاؤ بھی کھایا۔ اس دوران اداکاروں نے مداحوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور تقریب خوش اسلوبی سے جاری رہی۔
تاہم تقریب کے اختتام پر اچانک ہجوم بے قابو ہوگیا۔ مداحوں کی بڑی تعداد اسٹیج اور فنکاروں کے قریب پہنچنے کی کوشش کرنے لگی جس کے باعث دھکم پیل شروع ہوگئی۔ صورتحال اس حد تک بگڑ گئی کہ سکیورٹی اہلکاروں کو ہجوم کو قابو کرنے اور راستہ بنانے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق کچھ افراد نے حفاظتی رکاوٹیں بھی توڑ دیں، جس کے بعد منتظمین نے فوری طور پر پروگرام مختصر کر کے ختم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ فنکاروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار بھیڑ کے درمیان سے گزرتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس دوران ساتھی فنکار ایک دوسرے کے ساتھ موجود رہے اور سکیورٹی کی مدد سے راستہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے فنکاروں کے انداز اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کو سراہا، جبکہ کئی افراد نے انتظامی ناقص حکمت عملی اور سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے۔
فلم ’کاک ٹیل 2‘ کو 2012 کی مشہور فلم ’کاک ٹیل‘ کا سیکوئل قرار دیا جا رہا ہے، جو ایک محبت کے مثلث کی کہانی پر مبنی ہے۔ یہ فلم 19 جون 2026 کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔








