کاکروچ جنتا پارٹی کے جواب میں خرگوش جنتا پارٹی میدان میں آگئی

0
38
کاکروچ جنتا پارٹی کے جواب میں خرگوش جنتا پارٹی میدان میں آگئی

بھارتی سوشل میڈیا شخصیت اور بگ باس او ٹی ٹی کے فاتح ایلوش یادو نے آن لائن جاری سیاسی طنز و مزاح کے رجحان میں شامل ہوتے ہوئے ایک نئی فرضی جماعت “خرگوش جنتا پارٹی” کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی “کاکروچ جنتا پارٹی” کے بعد سامنے آیا ہے، جس نے نوجوانوں میں خاصی توجہ حاصل کی اور بعض تعلیمی مسائل کے حوالے سے احتجاجی سرگرمیوں سے بھی منسلک رہی۔
10 جون کو شروع کی گئی اس مزاحیہ مہم کے تحت ایلوش یادو نے مختلف تخلیقی پوسٹرز اور ایک دلچسپ منشور جاری کیا۔ پارٹی کا نعرہ “تیز دماغ، لمبے کان اور گاجر کیطاقت سے ترقی” رکھا گیا ہے۔
پارٹی کے اعلان کردہ نکات میں گاجر کو بنیادی حق قرار دینا، رفتار اور چستی کو اپنی شناخت بنانا اور خرگوشوں کے اتحاد کو فروغ دینا شامل ہے۔
مزاحیہ مہم کو مزید دلچسپ بناتے ہوئے ایلوش یادو نے اپنے مداحوں کو دہلی کے جنتر منتر پر جمع ہونے کی دعوت دی اور وہاں شریک افراد کو مفت گاجر فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
اس فرضی جماعت کے لیے ایک الگ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی بنایا گیا ہے جہاں ایلوش یادو نے خود کو پارٹی کا بانی قرار دیا ہے۔ مزاحیہ انداز میں انہوں نے خود کو جماعت کا وزیر اعظم بھی قرار دیا جبکہ پارٹی کے مقاصد میں آزادیٔ اظہار، متوسط طبقے کی حمایت اور قومی فخر کے فروغ جیسے نکات شامل کیے گئے ہیں۔
ادھر “کاکروچ جنتا پارٹی” بھی سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے درمیان مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ یہ طنزیہ مہم مختلف تعلیمی اور انتظامی مسائل، خصوصاً امتحانات اور پیپر لیک جیسے معاملات پر توجہ دلانے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
دونوں فرضی جماعتوں کے درمیان آن لائن مقابلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میمز، طنزیہ پوسٹس، فرضی سیاسی مباحثوں اور تخلیقی مواد کی ایک نئی لہر پیدا کر دی ہے۔
اگرچہ بہت سے صارفین اسے محض تفریح اور مزاح کا ذریعہ سمجھ رہے ہیں، تاہم بعض حلقوں کا خیال ہے کہ سنجیدہ تعلیمی مسائل کو میمز اور طنز کے ذریعے پیش کرنے سے متاثرہ طلبہ کے حقیقی مسائل پس منظر میں جا سکتے ہیں۔

Leave a reply