
پاکستان کی سینئر اداکارہ میرا ایک وائرل ویڈیو میں اس وقت ناراض ہوگئیں جب ایک انٹرویو کے دوران انہیں ان کی فلم “سائیکو” سے جوڑ کر سوال کیا گیا۔
انٹرویو لینے والے شخص نے گفتگو کے دوران کہا کہ آپ پہلے بھی “سائیکو” تھیں اور فلم میں بھی اسی نوعیت کا کردار ادا کیا، جس پر اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے الفاظ عزت کے منافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں عزت نہیں دی جائے گی تو وہ دوسرے ممالک میں بھی اپنے کام کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔
میرا نے مزید کہا کہ فلم میں ان کا کردار ایک مشکل اور سنجیدہ کردار تھا جس کے لیے انہوں نے محنت کی۔ ان کے مطابق انہیں امید تھی کہ اس فلم اور کردار کو سراہا جائے گا اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم “سائیکو” دراصل ڈپریشن جیسے حساس موضوع پر مبنی ہے، جس کے ذریعے ناظرین کو ایک پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فلم “سائیکو” عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی، جس میں شان شاہد، سونیا حسین، میرا، شبیر جان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔









