واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کی تیاری میں

0
9
واٹس ایپ صارفین کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرانے کی تیاری میں

میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کو آن لائن دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئے سیکیورٹی فیچر پر کام کر رہی ہے، جسے “اسکام الرٹ” کا نام دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے اور اس کا مقصد نامعلوم نمبروں یا غیر محفوظ رابطوں سے موصول ہونے والے مشتبہ پیغامات کے بارے میں صارفین کو پیشگی آگاہ کرنا ہے۔

اس فیچر کے فعال ہونے پر اگر کسی چیٹ میں ممکنہ فراڈ یا دھوکہ دہی کی علامات پائی جائیں تو صارف کو براہ راست گفتگو کے اندر ایک انتباہی پیغام نظر آئے گا۔ اس اطلاع کی مدد سے صارف فیصلہ کر سکے گا کہ آیا وہ متعلقہ رابطے کو بلاک اور رپورٹ کرنا چاہتا ہے یا گفتگو جاری رکھنا چاہتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسکام الرٹ خودکار طور پر چیٹ میں مداخلت نہیں کرے گا بلکہ ممکنہ خطرات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا تاکہ صارف بہتر فیصلہ کر سکے۔

پرائیویسی کے حوالے سے بھی کمپنی نے خصوصی توجہ دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مشتبہ پیغامات کا تجزیہ صارف کے اسمارٹ فون پر ہی کیا جائے گا اور پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز تک منتقل نہیں ہوگا۔ اس طرح واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی اور صارفین کی نجی معلومات محفوظ رہیں گی۔

اسی طرز کی مقامی (لوکل) پروسیسنگ ٹیکنالوجی واٹس ایپ پہلے ہی وائس میسج ٹرانسکرپشن فیچر میں استعمال کر رہی ہے۔

مزید یہ کہ کمپنی لوکل ایکٹیویٹی لاگز پر بھی کام کر رہی ہے، جہاں اسکام الرٹس سے متعلق ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے گا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ فیچر اختیاری ہوگا اور ڈیفالٹ طور پر غیر فعال رہے گا۔ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق اسے سیٹنگز سے فعال کر سکیں گے۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ واٹس ایپ اس فیچر کو دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرائے گا، تاہم بیٹا مرحلے میں اس کی آزمائش جاری ہے۔

Leave a reply