پاکستان کو ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی مل گئی، بھارتی ٹیم نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی

0
14
پاکستان کو ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی مل گئی، بھارتی ٹیم نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں ٹورنامنٹ کے انتظامی امور اور ابتدائی شیڈولنگ سے متعلق معاملات پر بھی غور کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ایونٹ کا مکمل شیڈول آئندہ سال جاری کیا جائے گا، جبکہ میچز کے انعقاد اور دیگر انتظامات کو مرحلہ وار حتمی شکل دی جائے گی۔

آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز نیوٹرل مقام پر کھیلے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کے دیگر مقابلے پاکستان میں منعقد ہوں گے۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ اب یہ ایونٹ جون اور جولائی کے بجائے فروری 2027 میں سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 14 سے 28 فروری تک ٹی20 فارمیٹ میں منعقد ہوگا۔

شیڈول میں اس تبدیلی کے نتیجے میں ویمنز چیمپئنز ٹرافی کا کچھ حصہ نیوزی لینڈ کے آسٹریلیا کے دورے سے متصادم ہوسکتا ہے، جو فروری کے آخر اور مارچ کے آغاز میں شیڈول ہے۔ اطلاعات کے مطابق متعلقہ بورڈز کو اس صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں خواتین کی ابھرتی ہوئی اور ایسوسی ایٹ ٹیموں کے لیے نئے مقابلہ جاتی ڈھانچے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کے تحت ویمنز ایمیچور نیشنز ٹرافی میں 10 ٹیمیں شامل ہوں گی، جن میں پانچ فل ممبر اور پانچ ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیں رینکنگ کی بنیاد پر منتخب کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں، آئی سی سی نے ضابطہ جاتی خلاف ورزیوں کے باعث کرکٹ کینیڈا کی رکنیت معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم کینیڈین ٹیمیں آئی سی سی کے عالمی ایونٹس میں شرکت جاری رکھ سکیں گی اور ان کے پروگرامز کے لیے مالی معاونت ایک نگرانی شدہ نظام کے تحت فراہم کی جائے گی۔

Leave a reply