
اگر آپکا اسمارٹ فون بار بار ہینگ ہورہا ہے یا اسکی رفتار پہلے جیسی نہیں رہی تو اسکی ایک بڑی وجہ فون اسٹوریج کا حد سے زیادہ بھر جانا ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق جب فون کی اسٹوریج 95 فیصد یا اس سے زیادہ بھر جائے تو ڈیوائس کی کارکردگی واضح طور پر متاثر ہونے لگتی ہے۔
عام طور پر صارفین متعدد ایپس انسٹال کرتے رہتے ہیں مگر غیر ضروری فائلز اور cache ڈیٹا کو صاف نہیں کرتے، جس کے نتیجے میں فون کی میموری تیزی سے بھر جاتی ہے۔ سوشل میڈیا ایپس جیسے انسٹاگرام، فیس بک اور ٹک ٹاک اس حوالے سے زیادہ اسٹوریج استعمال کرتی ہیں کیونکہ یہ تصاویر اور ویڈیوز کو تیزی سے دکھانے کے لیے عارضی فائلز محفوظ رکھتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ یہ cache فائلز جمع ہو کر نہ صرف اسٹوریج کم کرتی ہیں بلکہ فون کو سست بھی بنا دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ پرانی گیمز، غیر استعمال شدہ ایپس اور بیک گراؤنڈ ڈیٹا بھی میموری پر اضافی بوجھ ڈالتے ہیں۔
فون کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری ایپس حذف کریں اور وقتاً فوقتاً cache ڈیٹا صاف کرتے رہیں۔ اینڈرائیڈ صارفین سیٹنگز میں جا کر Apps کے حصے سے Storage آپشن کے ذریعے cache کلیئر کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مناسب خالی اسٹوریج رکھنے سے فون کی رفتار، سسٹم اپ ڈیٹس اور بیک گراؤنڈ پراسیسنگ بہتر رہتی ہے۔









