
ٹریفک جام سے نجات دلانے والی اڑنے والی گاڑی کا تصور اب حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب ہے۔ چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایکس پینگ (XPeng) نے اپنی دو نشستوں پر مشتمل نئی فلائنگ کار 2027 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی تیار کردہ یہ منفرد گاڑی روایتی کار کے ساتھ ایک چھوٹے الیکٹرک ہیلی کاپٹر کا امتزاج ہے۔ اس کا خصوصی ڈیزائن ضرورت پڑنے پر اسے زمینی گاڑی سے فضائی سواری میں تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گاڑی کے عقبی حصے میں موجود خصوصی دروازے خودکار انداز میں کھلتے ہیں اور اس کے اندر نصب فلائنگ ماڈیول باہر آکر پرواز کے لیے تیار ہوجاتا ہے۔ یہ تبدیلی پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں مکمل ہوسکتی ہے۔
اس اڑنے والی گاڑی کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ تقریباً ایک کلومیٹر کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے 30 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔ اسے ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی انداز میں ٹیک آف اور لینڈ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کے باعث اسے روایتی طیاروں کی طرح طویل رن وے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کمپنی نے اس جدید گاڑی کی ابتدائی قیمت تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی ہے۔
ایکس پینگ کے چیف ایگزیکٹو ڈیلی زاؤ نے پرتگال میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران اس منصوبے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی اسے 2027 کی دوسری ششماہی میں چین کے دیہی علاقوں اور ہنگامی امدادی اداروں کے لیے دستیاب کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے اڑنے والی گاڑیوں کی تیاری اور تجربات پر کام کررہی ہے۔ اسے چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹیز سے محدود استعمال کی منظوری بھی مل چکی ہے۔
اس گاڑی کو روایتی پائلٹ کنٹرول کے علاوہ آٹو پائلٹ اور جوائے اسٹک کے ذریعے بھی چلایا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو عام صارفین کے لیے آسان بنانے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ اس کے چیف ایگزیکٹو کا دعویٰ ہے کہ مناسب تربیت کے ذریعے کسی شخص کو اس گاڑی کے بنیادی کنٹرول سے محض پانچ منٹ میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اگر یہ منصوبہ طے شدہ شیڈول کے مطابق کامیاب ہوتا ہے تو مستقبل میں شہری سفر، دیہی علاقوں تک رسائی اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے فضائی گاڑیوں کے استعمال کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔









