ارمغان کا عدالت میں ہنگامہ، والدہ اور وکیل پر سنگین الزامات

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان نے عدالت میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ذہنی مریض ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور اپنا مقدمہ خود لڑنا چاہتے ہیں۔
کراچی کے جیل کمپلیکس میں قائم انسدادِ دہشتگردی عدالت میں صحافی پر حملے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم ارمغان نے عدالت میں شور شرابہ کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ اور وکیل انہیں ذہنی مریض ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔
ملزم نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کسی وکیل کی ضرورت نہیں اور وہ اپنا کیس خود پیش کریں گے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کی دفعات ختم کرنے سے متعلق دلائل طلب کر لیے، جبکہ استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کر لیا گیا۔ بعدازاں کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی کردی گئی۔









