ایران کا اسرائیلی بیانات پر سخت ردعمل، بھرپور جواب دینے کا اعلان

0
11
ایران کا اسرائیلی بیانات پر سخت ردعمل، بھرپور جواب دینے کا اعلان

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیلی بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات خطے کی موجودہ صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحانہ اقدام کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں کئی اہم نکات پر اتفاق ہوچکا ہے اور دونوں ممالک ایک ابتدائی فریم ورک تک پہنچ گئے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جلد کوئی جامع معاہدہ ہوجائے گا، کیونکہ موجودہ مذاکرات ابتدائی فریم ورک تک محدود ہیں۔
ایرانی ترجمان کے مطابق امریکا کے ساتھ بات چیت کا بنیادی مقصد جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنا ہے، جبکہ ایران کا جوہری پروگرام اس وقت مذاکرات کا حصہ نہیں۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ ممکنہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) میں آبنائے ہرمز کے انتظام یا کنٹرول سے متعلق کوئی شق شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز سے گزرنیوالے تمام بحری جہازوں کو مکمل تحفظ فراہم کریگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے حوالے سے پاکستان کا کوئی وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، تاہم پاکستان اس سفارتی عمل میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان کئی معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے، لیکن مکمل اور حتمی معاہدے کے لیے مزید مذاکرات کی ضرورت ہے۔

Leave a reply