گوگل اسٹوریج بھرنے پر پریشان؟ اضافی رقم خرچ کیے بغیر جگہ خالی کرنے کے آسان طریقے

0
16
گوگل اسٹوریج بھرنے پر پریشان؟ اضافی رقم خرچ کیے بغیر جگہ خالی کرنے کے آسان طریقے

دنیا بھر میں کروڑوں افراد گوگل کی مختلف سروسز جیسے جی میل، گوگل ڈرائیو اور گوگل فوٹوز استعمال کرتے ہیں۔ تاہم وقت کے ساتھ ان اکاؤنٹس میں موجود ڈیٹا بڑھنے لگتا ہے اور محدود اسٹوریج تیزی سے بھر جاتی ہے۔

عام طور پر گوگل صارفین کو مزید اسٹوریج حاصل کرنے کے لیے بامعاوضہ پلانز کی پیشکش کرتا ہے، لیکن کئی صورتوں میں اضافی رقم خرچ کیے بغیر بھی کافی جگہ خالی کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ اسٹوریج کا زیادہ حصہ کس سروس نے استعمال کر رکھا ہے۔ اس مقصد کے لیے گوگل ون کے اسٹوریج ڈیش بورڈ سے جی میل، گوگل ڈرائیو اور گوگل فوٹوز کے استعمال کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

جی میل میں بڑی اٹیچمنٹ والی ای میلز اکثر زیادہ جگہ گھیرتی ہیں۔ صارفین سرچ بار میں “larger:10M” یا “larger:25M” جیسی کمانڈز استعمال کرکے بڑی فائلوں والی ای میلز تلاش کر سکتے ہیں اور غیر ضروری مواد حذف کر سکتے ہیں۔

اسی طرح جی میل میں موجود سبسکرپشن ای میلز بھی وقت کے ساتھ بڑی تعداد میں جمع ہو جاتی ہیں۔ غیر ضروری نیوز لیٹرز اور پروموشنل ای میلز کی سبسکرپشن ختم کرکے مستقبل میں آنے والے غیر ضروری پیغامات کو روکا جا سکتا ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ صرف فائلیں ڈیلیٹ کرنا کافی نہیں ہوتا۔ جی میل، گوگل ڈرائیو اور گوگل فوٹوز کے ٹریش فولڈرز کو بھی باقاعدگی سے خالی کرنا چاہیے کیونکہ حذف شدہ فائلیں کچھ عرصے تک وہاں موجود رہتی ہیں اور اسٹوریج استعمال کرتی رہتی ہیں۔

گوگل ڈرائیو میں بڑی فائلوں کی شناخت کے لیے سائز کے مطابق فلٹرز دستیاب ہیں۔ ان کی مدد سے زیادہ جگہ گھیرنے والی فائلیں آسانی سے تلاش کی جا سکتی ہیں اور ضرورت نہ ہونے پر حذف کی جا سکتی ہیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق بیشتر صارفین صرف غیر ضروری فائلوں، پرانی ای میلز اور بڑے اٹیچمنٹس کو صاف کرکے اپنی اسٹوریج میں خاطر خواہ جگہ پیدا کر سکتے ہیں، جس سے اضافی اسٹوریج خریدنے کی ضرورت کم یا ختم ہو سکتی ہے۔

Leave a reply