کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب خودکش دھماکہ، 16 افراد جاں بحق

0
8
کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب خودکش دھماکہ، 16 افراد جاں بحق

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ایک مبینہ خودکش دھماکے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ ریلوے ٹریک کے قریب اس وقت ہوا جب ایک ٹرین وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین پٹری سے اتر گئی جبکہ اطراف میں موجود کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آور نے ریلوے ٹریک کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کو سول اسپتال کوئٹہ سمیت مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں۔

Leave a reply