ایبولا سے متعلق عالمی صورتحال پر پاکستان میں احتیاطی اقدامات، ایئرپورٹس پر نگرانی سخت

0
19
ایبولا سے متعلق عالمی صورتحال پر پاکستان میں احتیاطی اقدامات، ایئرپورٹس پر نگرانی سخت

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا کیسز میں اضافے کے بعد عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے رکن ممالک کو نگرانی بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وائرس کا پھیلاؤ اس وقت صرف افریقی ممالک تک محدود ہے اور اب تک براعظم کے باہر کسی ملک میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق پاکستان اور اس کے قریبی خطے میں بھی ماضی میں ایبولا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ ممالک سے محدود سفری روابط کے باعث پاکستان کے لیے خطرہ انتہائی کم ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر اسکریننگ اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ایبولا کی تشخیص کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات کے مطابق اقدامات جاری ہیں، تاہم فی الحال کسی قسم کی سفری پابندیوں کی ضرورت نہیں سمجھی گئی۔
وزارت صحت کے مطابق حکومت پیشگی حفاظتی اقدامات کے ذریعے عوام کو ممکنہ وباؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل سرگرم ہے اور عالمی صحت کے ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Leave a reply