
سعودی پرو لیگ میں بالآخر وہ لمحہ آ ہی گیا جس کا شائقین کو برسوں سے انتظار تھا۔ پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے پہلی بار النصر کے ساتھ سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔
لیگ کے آخری میچ میں النصر نے دمک کلب کو 1-4 سے شکست دے کر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اہم مقابلے میں رونالڈو نے دو گول اسکور کیے اور ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔
دسمبر 2022 میں النصر میں شمولیت کے بعد رونالڈو مسلسل شاندار کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔ وہ اب تک کلب کے لیے مختلف مقابلوں میں 127 سے زائد گول کر چکے ہیں۔ ان کا سب سے بڑا ہدف سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل جیتنا تھا، جو اس سیزن میں پورا ہو گیا۔
یہ النصر کی تاریخ کا گیارہواں لیگ ٹائٹل ہے جبکہ رونالڈو کے فٹبال کیریئر کا آٹھواں لیگ چیمپئن شپ اعزاز بھی بن گیا ہے۔ اس سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور یووینٹس کے ساتھ بھی لیگ ٹرافیاں اپنے نام کر چکے ہیں۔
تاریخی فتح کے بعد رونالڈو نے جشن کے دوران ڈھول بجا کر شائقین کا جوش مزید بڑھا دیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
رونالڈو کی سعودی عرب آمد کے بعد کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بھی سعودی لیگ کا حصہ بنے، جن میں کریم بینزیما، این گولو کانٹے، ریاض محرز، سادیو مانے اور نیمار شامل ہیں۔ ان بڑے ناموں کی شمولیت نے سعودی فٹبال کو عالمی سطح پر مزید مقبول بنایا ہے۔
ماہرین کے مطابق النصر کی یہ کامیابی سعودی عرب کے اس وژن کو مزید مضبوط کرے گی جس کے تحت ملک خود کو کھیلوں کے عالمی مرکز کے طور پر منوانا چاہتا ہے۔









