عیدالاضحیٰ پر ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی، ہیٹ ویو کا امکان

0
7
عیدالاضحیٰ پر ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی، ہیٹ ویو کا امکان

محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی سے گرمی کی لہر شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ 26 سے 31 مئی کے دوران اس میں مزید شدت آ سکتی ہے۔ پیشگوئی کے تحت عید کے دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جس سے شدید گرمی کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں پارہ 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Leave a reply