حج 2026: خطبہ حج اور یوم عرفہ کا خطبہ 35 زبانوں میں نشر کرنے کا فیصلہ

مکہ مکرمہ میں حج 2026 کے موقع پر خطبہ حج اور یوم عرفہ کا خطبہ دنیا کی 35 مختلف زبانوں میں ترجمہ کے ساتھ نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان زبانوں میں اردو، پنجابی، پشتو سمیت متعدد بڑی عالمی اور علاقائی زبانیں شامل ہوں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین اور مسلمان اس سے براہِ راست مستفید ہو سکیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ اور حرمین شریفین کی انتظامیہ کے مطابق خطبہ حج کو جدید ڈیجیٹل ذرائع اور سرکاری نشریاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد حج کے پیغام کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔
حکام کے مطابق یوم عرفہ کا خطبہ بھی 35 زبانوں میں ترجمہ کر کے براہِ راست نشر کیا جائے گا، جن میں انگریزی، فرانسیسی، ترکی، فارسی، روسی، چینی اور دیگر اہم زبانیں شامل ہوں گی۔ اردو کے ساتھ ساتھ پنجابی اور پشتو کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودی عہدیداروں نے بتایا کہ یہ فیصلہ ایک دینی فورم کے دوران سامنے آیا، جس میں حرمین شریفین میں دینی خدمات کے فروغ سے متعلق اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
اس سال خطبہ حج کی ادائیگی مدینہ منورہ کی مسجد نبوی کے امام و خطیب کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین میں پہلے ہی مختلف زبانوں میں ترجمہ، ڈیجیٹل رہنمائی، اشارتی بورڈز اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مزید یہ کہ عازمین کی رہنمائی کے لیے فیلڈ ٹیمیں اور رضاکار بھی مختلف زبانوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ عبادات کی ادائیگی میں آسانی ہو۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا مقصد حج کے تجربے کو زیادہ سہل، مربوط اور عالمی مسلمانوں کے لیے مؤثر بنانا ہے۔









