اسرائیل نے غزہ کی جانب بڑھنے والی مزید امدادی کشتیاں روک لیں

غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والی کشتیوں کے خلاف اسرائیلی اقدامات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فلوٹیلا ٹریکر کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے “انڈروس” نامی امدادی کشتی کو غزہ سے تقریباً 82 ناٹیکل میل کے فاصلے پر روک لیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اب تک گلوبل صمود فلوٹیلا سے وابستہ 61 کشتیوں کو مختلف مواقع پر روکا جا چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس وقت بھی 9 امدادی کشتیاں غزہ کی طرف سفر کر رہی ہیں۔ امدادی بیڑوں کے قریب اسرائیلی فورسز کی مبینہ فائرنگ کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
فلوٹیلا منتظمین اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے مطابق کم از کم دو کشتیوں پر فائرنگ کی گئی۔ بعض لائیو ویڈیوز میں اسرائیلی اہلکاروں کو کشتیوں کی سمت فائر کرتے دیکھا گیا، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس نوعیت کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کارروائی کے دوران حقیقی گولیوں کا استعمال نہیں کیا گیا۔ حکام کے مطابق کشتیوں کو متعدد بار خبردار کیا گیا، لیکن پیش قدمی جاری رکھنے پر انہیں روکنے کے لیے غیر مہلک طریقے اپنائے گئے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ فلوٹیلا منتظمین نے اس کارروائی کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے تشویش ظاہر کی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے باعث مختلف عالمی تنظیمیں اور سماجی کارکن سمندری راستوں کے ذریعے امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اسرائیل اس سے قبل بھی کئی امدادی مشنز کو سمندر میں روک چکا ہے۔








