تل ابیب میں امریکی فوجی سامان کی ترسیل، اسرائیلی فوج ہائی الرٹ پر

0
6
تل ابیب میں امریکی فوجی سامان کی ترسیل، اسرائیلی فوج ہائی الرٹ پر

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد امریکی کارگو طیارے تل ابیب پہنچے ہیں، جن کے ذریعے جرمنی میں قائم امریکی اڈوں سے فوجی سامان اور گولہ بارود منتقل کیا گیا۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ اور اسرائیلی چینل 13 کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ترسیلات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس پیش رفت کو ممکنہ فوجی تیاریوں سے جوڑا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ماضی میں بھی مشرقِ وسطیٰ میں تناؤ بڑھنے کے دوران امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فوجی امداد اور سامان کی فضائی ترسیل میں اضافہ دیکھا جاتا رہا ہے۔
ادھر امریکی سینیٹ کے ریپبلکن رکن سینیٹر لنڈسی گراہم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ ایران پر دباؤ میں اضافہ کیا جائے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری مذاکرات میں پیش رفت نہ کرے تو اس کی توانائی تنصیبات کو ممکنہ اہداف بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران اپنی توانائی کے نظام پر زیادہ انحصار کرتا ہے، اس لیے ممکنہ تنازع میں یہ شعبہ اہم ہدف بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایران مذاکراتی عمل کو طول دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس دوران اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے ’کین‘ کے مطابق فوج خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی صورتحال اور ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر امریکا پر یہ دباؤ بھی موجود ہے کہ خطے میں نئی فوجی کشیدگی کے بجائے ایران کے ساتھ سفارتی مذاکرات کو ترجیح دی جائے۔

Leave a reply