
آئی سی سی نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 سائیکل کے 8 پوائنٹس منہا کر دیے ہیں۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان کی پوزیشن ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل پر مزید نیچے چلی گئی ہے اور ٹیم کے مجموعی پوائنٹس میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔ میچ ریفری نے یہ فیصلہ اس بنیاد پر دیا کہ پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس میں جرمانہ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو اس میچ میں مجموعی طور پر 8 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا۔
پاکستانی کپتان شان مسعود نے اس خلاف ورزی کو تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کر لی، جس کے بعد مزید کارروائی یا سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
دوسری جانب میرپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بہتر کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 163 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر نہید رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سلہٹ میں شروع ہوگا، جس میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔








