بھارت اور یو اے ای کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری پر اتفاق

0
7
بھارت اور یو اے ای کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری پر اتفاق

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ خلیجی ممالک کے دوران انڈیااور یواےای کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت ایک جامع اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کا فریم ورک طے پایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک دفاعی صنعت، جدید ٹیکنالوجی، مشترکہ عسکری مشقوں، بحری سلامتی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ محفوظ مواصلاتی نظام اور معلومات کے تبادلے کے لیے بھی نئے انتظامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھاتے ہوئے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر اور ایل پی جی کی فراہمی سے متعلق معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے۔ سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی پیش رفت دیکھی گئی ہے، جس میں اربوں ڈالر کے ممکنہ منصوبے اور مالیاتی اداروں میں سرمایہ کاری کے اقدامات شامل ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں توانائی اور سیکیورٹی صورتحال غیر یقینی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز جیسے اہم راستوں کی سیکیورٹی پر خدشات کے باعث توانائی کی ترسیل پر بھی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی خریداری کے لیے بھی ایک بڑا تجارتی معاہدہ طے پایا تھا، جبکہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ابتدائی سطح پر مفاہمتی یادداشت بھی موجود ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد توانائی، تجارت، ٹیکنالوجی، جدت اور گرین معیشت جیسے شعبوں میں عالمی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا یہ دورہ متعدد ممالک پر مشتمل ہے، جس میں خلیجی خطے کے بعد یورپی ممالک کے دورے بھی شامل ہیں، جہاں مختلف اقتصادی اور اسٹریٹجک معاہدوں پر بات چیت متوقع ہے۔

Leave a reply