سونا خریدنے سے ایک سال گریز کی مودی کی عوام سے اپیل

0
13
سونا خریدنے سے ایک سال گریز کی مودی کی عوام سے اپیل

بھارت کی حکومت نے سونے اور چاندی کی درآمد پر عائد ڈیوٹی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد مجموعی ڈیوٹی 6 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد ہو گئی ہے۔
بھارتی وزارتِ خزانہ کے مطابق نئے نوٹیفکیشن میں بنیادی کسٹمز ڈیوٹی 5 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد جبکہ زرعی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی سیس 1 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب حکومت کا کہنا ہے کہ ملک کا درآمدی بل تیزی سے بڑھ رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد روپے کو سہارا دینا اور تجارتی خسارے کو کم کرنا بتایا گیا ہے۔
اس سے قبل بھارتی وزیرِ اعظم نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ایک سال تک سونے کی خریداری میں کمی کریں اور غیر ضروری درآمدات سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ایندھن کی بچت کریں اور بیرونی سفر بھی محدود رکھیں تاکہ قومی معیشت پر دباؤ کم ہو۔
ماہرین کے مطابق نئی پالیسی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے، جبکہ زیورات کی طلب متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم کچھ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے اسمگلنگ کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
بھارت دنیا میں سونے کے بڑے صارفین میں شمار ہوتا ہے اور گزشتہ مالی سال کے دوران اربوں ڈالر کا سونا درآمد کیا گیا، جو ملک کے مجموعی درآمدی بل کا بڑا حصہ ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درآمدات میں کمی آتی ہے تو اس سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم کچھ حلقے اسے مارکیٹ کی آزادی میں کمی بھی قرار دے رہے ہیں۔
حکومت کو توقع ہے کہ اس پالیسی سے سالانہ اربوں ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا سکے گا۔

Leave a reply