متحدہ عرب امارات نے ایرانی بیان مسترد کر دیا

0
11
متحدہ عرب امارات نے ایرانی بیان مسترد کر دیا

متحدہ عرب امارات نے ایران کی وزارتِ خارجہ سے منسوب بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور آزادانہ پالیسیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا الزام ناقابلِ قبول ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کے بین الاقوامی تعلقات اور دفاعی شراکت داریاں اس کی خودمختار پالیسی کا حصہ ہیں، اور کسی بھی فریق کو ان تعلقات کو دباؤ، مداخلت یا اشتعال انگیزی کے لیے استعمال کرنے کا حق حاصل نہیں۔

بیان کے مطابق ریاست کی سلامتی، شہری تنصیبات اور عوام کے تحفظ کو نشانہ بنانے والی زبان غیر ذمہ دارانہ رویہ تصور کی جاتی ہے، جو بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کے خلاف ہے۔

اماراتی حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے سفارتی اور قانونی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، اور کسی بھی قسم کے دباؤ سے اس کے مؤقف میں تبدیلی نہیں آئے گی۔

دوسری جانب ایرانی فوج کے ایک ترجمان نے متحدہ عرب امارات پر کسی میزائل یا ڈرون حملے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایسا کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ اگر ایران کی سرزمین یا مفادات کے خلاف کسی کارروائی میں اماراتی سرزمین استعمال ہوئی تو اس کا جواب دیا جائے گا۔

حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Leave a reply