شاپنگ سینٹر میں آگ، ریسکیو آپریشن جاری، متعدد افراد متاثر

تہران کے مغربی علاقے میں واقع شہر اندیشہ کے ایک شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ 36 زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق آگ ارغوان شاپنگ سینٹر میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کے بیرونی حصے پر استعمال ہونے والا آتش گیر مواد (کلیڈنگ) آگ کے تیزی سے پھیلنے کی بڑی وجہ بنا۔
واقعے کی ویڈیوز میں عمارت کو شعلوں میں گھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متعلقہ ذمہ داران، بشمول پراپرٹی ڈویلپر، کی نشاندہی کر کے قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مزید جانی نقصان کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔








