عالمی یومِ آزادی صحافت: ذمہ دارانہ صحافت پر زور

0
10
عالمی یومِ آزادی صحافت: ذمہ دارانہ صحافت پر زور

اسلام آباد: آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغامات میں ذمہ دارانہ صحافت اور مستند معلومات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ دور میں پروپیگنڈا، فیک نیوز اور غیر مصدقہ خبروں کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج ہے، جسے روکنا ہر صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق پائیدار امن صرف سفارت کاری سے نہیں بلکہ درست معلومات اور ذمہ دار میڈیا کے ذریعے بھی ممکن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ قومی میڈیا نے اہم مواقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم جعلی خبروں اور گمراہ کن مہمات سے قومی ہم آہنگی اور عالمی ساکھ کو خطرات لاحق ہیں۔ وزیراعظم نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ سچائی، دیانت اور پیشہ ورانہ اصولوں کو ہر حال میں مقدم رکھیں اور رفتار کے بجائے درستگی کو ترجیح دیں۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں اور ڈس انفارمیشن جمہوری عمل کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے، جبکہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بھی تشویش کا باعث ہے۔
صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں آزادی صحافت کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور آئین کے تحت اس حق کی ضمانت موجود ہے۔ ان کے مطابق آزاد میڈیا شفافیت، احتساب اور قومی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافی اعلیٰ اخلاقی معیار برقرار رکھیں اور عوام بھی سچ اور جھوٹ میں فرق کرتے ہوئے درست معلومات کا ساتھ دیں۔
انہوں نے شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور صحافیوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Leave a reply