اسٹار بیس کے قریب رہائشیوں کی قانونی جنگ شروع

0
12
اسٹار بیس کے قریب رہائشیوں کی قانونی جنگ شروع

امریکا کی ریاست ٹیکساس میں 70 سے زائد مقامی رہائشیوں نے ارب پتی کاروباری شخصیت Elon Musk کی کمپنی SpaceX کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ کمپنی کے اسٹارشپ راکٹ کے تجرباتی لانچز اور لینڈنگ کے دوران پیدا ہونے والی شدید آوازوں اور زمین میں ہونے والی کمپن سے ان کے گھروں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ مقدمہ امریکی شہر براؤنز وِل کی وفاقی عدالت میں دائر کیا گیا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ اپریل 2023 سے اکتوبر 2025 کے دوران ہونے والی 11 تجرباتی پروازوں کے نتیجے میں قریبی علاقوں میں غیر معمولی شور، جھٹکے اور سونک بومز پیدا ہوئے، جن سے رہائشی ڈھانچوں کو متاثر کیا گیا۔

مدعیان کا کہنا ہے کہ اسٹارشپ ٹیسٹ کے دوران اردگرد کے علاقوں کو بار بار شدید صوتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جو معمول سے کہیں زیادہ تھا اور اس کے ممکنہ اثرات کا مناسب اندازہ پہلے سے نہیں لگایا گیا۔

یہ تمام رہائشی کیمرون کاؤنٹی کے اس علاقے کے قریب رہتے ہیں جہاں اسپیس ایکس نے اپنا بڑا راکٹ مرکز قائم کر رکھا ہے، جسے “اسٹار بیس” کہا جاتا ہے۔ کمپنی نے اس ساحلی مقام کو گزشتہ چند برسوں میں ایک بڑے صنعتی کمپلیکس میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں راکٹوں کی تیاری اور آزمائش کی جاتی ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق راکٹ لانچز کے دوران پیدا ہونے والی شدید آوازیں، سونک بومز اور طاقتور دباؤ قریبی گھروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ اسٹارشپ راکٹ تقریباً 16 ملین پاؤنڈ سے زائد تھرسٹ پیدا کرتا ہے، جو جدید خلائی نظاموں کے مقابلے میں بھی بہت زیادہ ہے، اور یہی شدت رہائشی ڈھانچوں کو متاثر کر رہی ہے۔

شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ کمپنی نے ممکنہ خطرات سے آگاہ ہونے کے باوجود قریبی آبادی پر اثرات کا مکمل جائزہ نہیں لیا اور اپنے تجربات جاری رکھے۔

دوسری جانب اسپیس ایکس کی طرف سے اس مقدمے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ مدعیان کے وکلاء نے بھی ابتدائی مرحلے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔

یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسپیس ایکس اپنے مکمل طور پر دوبارہ قابلِ استعمال خلائی نظام کو مزید وسعت دینے پر کام کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کیس کے نتائج مستقبل میں خلائی صنعت اور مقامی آبادی کے درمیان تعلقات پر اہم اثر ڈال سکتے ہیں۔

Leave a reply