
پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قیمتی دھات نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4,400 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 83 ہزار 962 روپے کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3,772 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 4 لاکھ 14 ہزار 919 روپے ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس ریٹ 44 ڈالر بڑھ کر 4,616 ڈالر تک پہنچ گیا۔ اس سے قبل ایک روز پہلے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جب فی اونس نرخ 55 ڈالر کمی کے بعد 4,572 ڈالر پر آ گئے تھے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث سونے کی قیمتیں مسلسل غیر مستحکم رہتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے نظام میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی ریٹ کو بین الاقوامی مارکیٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔









