دبئی: غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی، سرمایہ کاری میں اضافہ

0
19
دبئی: غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پراپرٹی ویزا قوانین میں نرمی، سرمایہ کاری میں اضافہ

دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے جائیداد سے منسلک رہائشی ویزا کے قوانین میں اہم نرمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد دو سالہ رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں آسان ہو گیا ہے۔
نئی شرائط کے تحت انفرادی طور پر جائیداد خریدنے والے غیر ملکی خریداروں کے لیے کم از کم مالیت کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم مشترکہ ملکیت کی صورت میں ہر شریک کے حصے کی مالیت کم از کم چار لاکھ درہم ہونا ضروری قرار دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ معلومات دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ سے منسلک ادارے کی ویب سائٹ پر سامنے آئی ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ سرکاری اعلان جاری نہیں کیا گیا۔
نئے نظام کے تحت پراپرٹی ویزا کے لیے درخواست دینے والوں کو جائیداد کی ملکیت کا ثبوت، پاسپورٹ کی کاپی، اماراتی شناختی کارڈ، حالیہ تصویر، ہیلتھ انشورنس اور دبئی پولیس کا کریکٹر سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔ بعض ممالک کے شہریوں کے لیے قومی شناختی دستاویز بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اگر جائیداد قرض یا اقساط پر خریدی گئی ہو تو بینک یا ڈویلپر سے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (NOC) بھی درکار ہوگا، جبکہ مکمل شدہ جائیداد کی صورت میں کم از کم 50 فیصد یا 3 لاکھ 75 ہزار درہم کی ادائیگی کا ثبوت پیش کرنا ضروری ہوگا۔
یاد رہے کہ دبئی میں پراپرٹی ویزا اسکیم 2019 میں متعارف کرائی گئی تھی تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بغیر مقامی اسپانسر کے رہائش اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ماہرین کے مطابق ان نئی سہولتوں سے دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے، جبکہ شفافیت کے اصول بھی برقرار رکھے گئے ہیں۔
مارکیٹ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں دبئی میں پراپرٹی سیکٹر نے مضبوط کارکردگی دکھائی، جہاں 44 ہزار سے زائد سودوں کے ذریعے 138.7 ارب درہم کی لین دین ریکارڈ کی گئی۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق اب سرمایہ کار مہنگی اور اعلیٰ معیار کی رہائشی جائیدادوں میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ طویل مدتی سرمایہ کاری کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔ جنوری کے دوران ہی تقریباً 53.6 ارب درہم کی پراپرٹی فروخت ریکارڈ کی گئی، جس سے اس شعبے میں مضبوط اور بڑے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی واضح ہوتی ہے۔

Leave a reply