اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر حملے تیز کرنے کا اعلان

اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے عالمی سطح پر جنگ بندی کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود لبنان میں حزب اللہ کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیرِاعظم کے دفتر کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ سے منسلک مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانا جاری رکھیں اور کارروائیوں میں سختی برقرار رکھیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ حزب اللہ کے خلاف بھرپور اور مؤثر اقدامات کرے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے شدہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق انہی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد فوجی کارروائیوں کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے اور مختلف اہداف پر حملے کیے جا رہے ہیں۔









