
اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے آن لائن ادویات کی تشہیر اور غیر قانونی فروخت کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا صفحات کو بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
اتھارٹی نے متعدد ایسے آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی بھی کی ہے جو غیر قانونی طور پر ادویات فروخت کر رہے ہیں۔ ڈریپ کے مطابق بغیر رجسٹریشن اور اسمگل شدہ ادویات کی انٹرنیٹ پر دستیابی عوامی صحت کے لیے بڑا خطرہ بن رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بغیر نسخے کے ادویات کی تشہیر پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ جنسی صحت، وزن کم کرنے اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت قانون کے خلاف ہے۔ ایسے اشتہارات لوگوں کو خود علاج (سیلف میڈیکیشن) کی طرف مائل کر رہے ہیں، جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ بغیر اجازت ادویات کی تشہیر اور فروخت ڈرگ قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔
مزید برآں، بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت کا بھی انکشاف ہوا ہے، جو غیر معیاری ہونے کے باعث سنگین مضر اثرات اور جان لیوا پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ ادویات کے اشتہارات کے لیے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









