عالمی میراتھن میں پاکستانی ایتھلیٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا

0
8
عالمی میراتھن میں پاکستانی ایتھلیٹس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا

بوسٹن میراتھون 2026 میں پاکستانی رنرز نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 13 ایتھلیٹس نے اس باوقار ریس کو کامیابی سے مکمل کیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل محمد امجد علی پاکستانی شرکاء میں سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے 2 گھنٹے 42 منٹ 45 سیکنڈ میں دوڑ مکمل کر کے اس ایونٹ میں تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ ان کی پہلی ورلڈ میجر میراتھن تھی، اور انہوں نے مشکل ٹریک کے باوجود اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
امریکا میں مقیم سید حمزہ 2:51:06 کے وقت کے ساتھ دوسرے جبکہ نزار نیانی 3:01:44 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ناروے میں مقیم محمد فصیح صالح نے 3:10:36 کے ساتھ ذاتی بہترین کارکردگی (PB) دی اور اپنا سکس اسٹار فِنشر سفر مکمل کیا۔
دیگر نمایاں رنرز میں برطانیہ کے شہزادہ حسین، امریکا کی بشیری انجم اور برطانیہ کی ماہین شیخ شامل ہیں، جنہوں نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ ماہین شیخ نے بھی اس موقع پر اپنا پرسنل بیسٹ حاصل کیا۔
سکس اسٹار فِنشرز میں فصیح صالح کے علاوہ ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی اور بلال احسن بھی شامل ہوئے۔ بلال احسن نے انجری کے بعد واپسی کرتے ہوئے 3:23:53 میں ریس مکمل کی اور اسے اپنے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔
نوشیروان علی نے 4:15:33 جبکہ ڈاکٹر جہانزیب مغل نے 5:01:39 میں ریس مکمل کر کے سکس اسٹار کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستانی رنرز کے نمایاں نتائج:
محمد امجد — 2:42:45
سید حمزہ — 2:51:06
نزار نیانی — 3:01:44
فصیح صالح — 3:10:36 (PB، سکس اسٹار)
شہزادہ حسین — 3:21:45
بشیری انجم — 3:22:45
بلال احسن — 3:23:53 (سکس اسٹار)
عامر بٹ — 3:43:33
ڈاکٹر سلمان خان — 3:46:48
جامع خان — 3:47:26 (PB)
ماہین شیخ — 3:52:01 (PB)
نوشیروان علی — 4:15:33 (سکس اسٹار)
ڈاکٹر جہانزیب مغل — 5:01:39 (سکس اسٹار)
یہ کارکردگی نہ صرف انفرادی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی رننگ کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

Leave a reply