
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر سری لنکن کرکٹر داسن شناکا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ سیزن میں شرکت سے ایک سال کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق داسن شناکا نے پی ایس ایل 11 میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کے لیے معاہدہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی، جسے قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا گیا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ لیگ کے قواعد و ضوابط کی پاسداری لازمی ہے اور اسی وجہ سے معاملے پر کارروائی کی گئی ہے تاکہ پی ایس ایل کے معیار اور ساکھ کو برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب داسن شناکا نے اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ شائقین اور کرکٹ برادری سے معذرت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک باوقار ایونٹ ہے اور ان کے فیصلے سے کسی کو مایوسی ہوئی تو اس پر وہ نادم ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دستبرداری کے وقت ان کا کسی اور لیگ یا ٹورنامنٹ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ پاکستان میں کھیلنے کے تجربے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں دوبارہ پی ایس ایل میں واپسی کے خواہشمند ہیں۔








