بروک لیسنر نے ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیا؟ ریسل مینیا 42 میں جذباتی لمحے

0
10
بروک لیسنر نے ریسلنگ کو خیرباد کہہ دیا؟ ریسل مینیا 42 میں جذباتی لمحے

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک اور معروف لیجنڈ ریسلر نے ریسلنگ سے کنارہ کشی اختیار کرلی
ڈبلیو ڈبلیو ای کے مداحوں کے لیے ایک اور بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں ایک اور لیجنڈ ریسلر نے طویل کیریئر کے بعد ریسلنگ کو خیرباد کہنے کے آثار ظاہر کر دیے ہیں۔
اس سے قبل دسمبر 2025 میں جان سینا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جبکہ فروری 2026 میں اے جے اسٹائلز نے بھی ریسلنگ کو الوداع کہا تھا۔
اب تازہ اطلاعات کے مطابق، تقریباً تین دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کے بعد بروک لیسنر نے بھی ممکنہ طور پر ریسلنگ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ ریسل مینیا 42 ان کے کیریئر کا آخری ڈبلیو ڈبلیو ای ایونٹ ثابت ہوسکتا ہے۔
ایونٹ کے دوران بروک لیسنر کا مقابلہ Oba Femi سے ہوا، جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے اختتام پر لیسنر نے اپنے ریسلنگ گیئرز رنگ میں چھوڑ دیے، جو روایتی طور پر ریٹائرمنٹ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے دیرینہ ساتھی اور منیجر پال ہیمن کو گلے لگایا، جبکہ شائقین کی جانب سے “تھینک یو بروک” کے نعرے لگائے گئے۔ رنگ چھوڑنے سے پہلے لیسنر نے رِنگ کو بوسہ بھی دیا، جس سے ان کی رخصتی کے تاثر کو مزید تقویت ملی۔
بروک لیسنر نے 2002 میں پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای میں قدم رکھا تھا، بعد ازاں 2004 میں وہ کمپنی سے الگ ہوگئے تھے، تاہم کچھ عرصے بعد دوبارہ واپسی کی۔
اپنے کیریئر میں انہوں نے متعدد اعزازات اپنے نام کیے، جن میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ، تین بار یونیورسل چیمپئن شپ اور دو بار رائل رمبل جیتنا شامل ہے۔ 2014 میں انہوں نے ریسل مینیا میں انڈرٹیکر کی 21 سالہ ناقابل شکست فتوحات کا سلسلہ بھی ختم کیا تھا۔
اگرچہ بروک لیسنر کی جانب سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ان کے حالیہ اقدام کو مداح ان کے کیریئر کے اختتام کا اشارہ سمجھ رہے ہیں۔

Leave a reply