تل ابیب میں ایرانی حملوں سے ایک ہزار سے زائد گھر ناقابلِ رہائش

اسرائیل کے شہر تل ابیب کے میئر رون ہلدائی کے مطابق حالیہ جنگ کے دوران ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی حملوں کے نتیجے میں شہر کے ایک ہزار سے زائد رہائشی یونٹس رہنے کے قابل نہیں رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق براہِ راست میزائل حملوں اور دفاعی نظام کی کارروائیوں کے دوران گرنے والے ملبے نے تل ابیب کے ساتھ ساتھ رامات گان اور بنی براک میں عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک تقریباً 30 ہزار اسرائیلی شہری املاک کے نقصان کے دعوے جمع کرا چکے ہیں۔ ان دعوؤں میں 18 ہزار سے زائد عمارتیں، 6 ہزار سے زیادہ گاڑیاں اور ڈھائی ہزار کے قریب دیگر سامان شامل ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت خزانہ کے اندازوں کے مطابق ایران اور لبنان کے خلاف تقریباً 40 روز تک جاری رہنے والی جنگ پر اخراجات 17.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔







